OFFICIAL UPDATE NEWS

ملک میں خانہ جنگی ہوئی تو ذمہ دار فضل الرحمان ہونگے

 

ملک میں خانہ جنگی ہوئی تو ذمہ دار فضل الرحمان ہونگے‘مولانا ملک کو انارکی کی طرف لے کر جارہے ہیں.شیخ رشید

اسلام آباد میں پولیس ، رینجر اور ایف سی کو 20 مارچ سے 2 اپریل تک خصوصی اختیارات دیئے جارہے ہیں‘پورا ملک وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے. وفاقی وزیرداخلہ کی اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو

ملک میں خانہ جنگی ہوئی تو ذمہ دار فضل الرحمان ہونگے‘مولانا ملک کو انارکی ..
اسلام آباد( اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 15 مارچ ۔2022 ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس ، رینجر اور ایف سی کو 20 مارچ سے 2 اپریل تک خصوصی اختیارات دیے جارہے ہیں، اپوزیشن اگر قانون کو نہیں چھیڑے گی تو انہیں کچھ نہیں کہیں گے ،لانگ مارچ کے انعقاد کے لیے اپوزیشن جماعتوں کو مکمل سہولت اور تحفظ فراہم کیا جائے گا تاہم کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی.

اقوام متحدہ کے تحت انسداد انسانی اسمگلنگ پر منعقدہ ورکشاپ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ اپوزیشن نے 23 مارچ کو اسلام آباد نہ آنے کا فیصلہ کرکے عقل مندی کامظاہرہ کیا عوام کے جان و مال کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے، وزیر اعظم عمران خان کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے اور وہ آنے والے دنوں میں مزید تقویت حاصل کریں گے پورا ملک وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے امید ہے قاف لیگ اور اتحادی عمرا ن خان کا ساتھ دیں گے.

شیخ رشید نے کہاکہ وفاقی دارالحکومت میں پولیس ، رینجر اور ایف سی کسی بھی ناخوشگوار صورحال سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں انہوں نے کہاکہ ایف سی اور رینجرز کے 1000 اہلکاروں کوسکیورٹی ڈیوٹی کے لئے اسلام آباد طلب کیا گیا ہے، اگر ضرور ت پڑی تو امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے مزید اہلکاربھی تعینات کئے جا سکتے ہیں. انہوں نے کہا کہ حکومت 25 مارچ اور 27 مارچ کے دونوں جلسوں کو مکمل سکیورٹی اور تحفظ فراہم کرے گی وزیر داخلہ نے کہا کہ موجودہ صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، یہاں پر او آئی سی کی تاریخی کانفرنس ہونے جارہی ہے اس سلسلہ میں سکیورٹی انتظامات کے لئے 20مارچ سے رینجرز،پولیس اور ایف سی کو خصوصی اختیارات دے رہا ہوں.

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ فیصلہ سپیکر کریں گے تمام لوگوں کو پروٹیکشن دی جائے ہمارا کسی سے ذاتی کوئی مسئلہ نہیں پارلیمنٹ لاجز میں فیملیز رہتی ہیں لیکن وہاں آپ اپنی ملیشیا لے آئے. انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے، اب جیتے یا ہارے فائدہ عمران خان کو ہی ہوگا اپوزیشن 25 مارچ کو اسلام آباد آرہی ہے اپوزیشن کو عدم اعتماد کا حق حاصل ہے لیکن 23 مارچ کو جے 10سی فلائی کرنے جارہا ہے انہوں نے کہا کہ ملک میں اہم ایونٹ کے بعد ہم اپوزیشن والوں کو مکمل تحفظ دیں گے لیکن کسی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی.

انہوں نے کہا کہ کسی نے قانون ہاتھ لیا تواسے کسی صورت نہیں چھوڑا جا سکتا، اپوزیشن اگر قانون کو نہیں چھیڑے گی تو انہیں کچھ نہیں کہیں گے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان پر حیرت ہے لاٹھیوں کی بات کررہے ہیں میں ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ نون لیگ اور پیپلز پارٹی نکل جائیں گی آپ دھر لیے جائیں گے انہیں نون لیگ اور پیپلزپارٹی کا پتہ ہے کیا مولانا ملک کو انارکی کی طرف لے کر جارہے ہیں؟اگر ملک میں خانہ جنگی ہوئی تو اس کے ذمہ دار مولانا فضل الرحمان ہوں گے.

شیخ رشید نے کہاکہ سپیکر سے پوچھوں گا کہ کس دن ووٹنگ ہورہی ہے، سپیکر 63 اے کے تحت کسی کا بھی ووٹ منسوخ کر سکتے ہیں کچھ بھی ہو وزیر اعظم عمران خان جیتے یا ہارے فائدہ عمران خان کا ہی ہوگا میں وزیراعظم کوفاتح دیکھ رہا ہوں، 25 مارچ کے بعد عمران خان کی مقبولیت اور بڑھ جائےگی. انہوں نے کہا کہ وفاقی وزرا اسد عمر اور پرویز خٹک قاف لیگ سمیت تمام اتحادیوں سے بات چیت کررہے ہیں امید ہے قاف لیگ اور اتحادی عمرا ن خان کا ساتھ دیں گے 25 مارچ کے بعد اتحادیوں اور دیگر کا پتہ چل جائے گا کس کے ساتھ ہیں.

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ او آئی سی کی تاریخی کانفرنس ہونے جارہی ہے،اپوزیشن نے 23 مارچ کو اسلام آباد نہ آنے کا فیصلہ کرکے عقل مندی کامظاہرہ کیا، اپوزیشن نے جلسہ کرنا ہے تو ڈی سی اسلام آباد سے ملاقات کرے کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی لوگوں کوتحفظ دیناوزارت داخلہ کاکام ہے،چاہے کچھ بھی کرناپڑے وزیر داخلہ نے بتایا کہ پاکستان کوانٹرنیشنل تھریٹس ہیں یہ دیکھناصرف حکومت نہیں اپوزیشن کابھی کام ہے، ایسانہ ہو کہ عدم اعتماد عدم ا ستحکام کا باعث بن جائے.

0 Comments