ایک ساتھ 6 چھٹیاں ، اسلام آباد اور راولپنڈی کے شہریوں کی موجیں لگ گئیں
حکومت نے 21 سے 24 مارچ تک چھٹیوں کا اعلان کردیا ‘ جب کہ اسلام آباد میں ہفتے اور اتوار کو بھی چھٹی ہوتی ہے ‘ یوں 19 اور 20 تاریخ بھی ان چھٹیوں میں شامل ہوگئی

اسلام آباد ( اخبارتازہ ترین ۔ 17 مارچ 2022ء ) اسلام آباد و راولپنڈی کے شہریوں کی موجیں لگ گئیں کیوں کہ ایک ساتھ 6 چھٹیاں مل گئیں ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ان دنوں او آئی سی وزراء خارجہ کی کانفرنس کی وجہ سے توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے جب کہ 23 مارچ کو یوم پاکستان کی پریڈ کا انعقاد بھی کیا جائے گا ، ان اہم سرگرمیوں کے پیش نظرحکومت نے جڑواں شہروں میں21 سے 24 مارچ تک چھٹیوں کا اعلان کیا ہے ‘ جب کہ اسلام آباد میں ہفتے اور اتوار کو بھی چھٹی ہوتی ہے ‘ یوں 19 اور 20 تاریخ بھی ان چھٹیوں میں شامل ہوگئی اور شہری ایک ساتھ 6 چھٹیوں کے مزے لے سکیں گے ۔ادھر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے او آئی سی اجلاس اور یوم پاکستان پریڈ کے لیے سکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کردی ، پاک فوج کے سربراہ نے حکم دیا ہے کہ آئندہ ہفتے اسلامی تعاون تنظیم ( او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کے اجلاس اور دارالحکومت میں ہونے والی یوم پاکستان کی پریڈ کے محفوظ انعقاد کے لیے سکیورٹی کو بڑھایا جائے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جنرل ہیڈ کوارٹرز ( جی ایچ کیو) میں کور کمانڈرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ دونوں تقریبات کے پرامن انعقاد کے لیے سکیورٹی کے جامع اقدامات کو یقینی بنایا جائے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت کورکمانڈرز کانفرنس ہوئی، کانفرنس میں شرکاء کو ملک کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز اور علاقائی سیکیورٹی امور سے متعلق بریفنگ دی گئی،مغربی سرحدی انتظام میں پیشرفت بھی بریفنگ کا اہم حصہ تھی ، فورم نے بھارتی میزائل فائرنگ کے حالیہ واقعہ پر تشویش کی اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا، شرکاء نے اظہار خیال کیا کہ بھارت کے حادثاتی قرار دیے گئے میزائل واقعے سے بڑی تباہی ہوسکتی تھی۔شرکاء نے عزم کا اظہار کیا کہ ملک کے دفاع کیلئے تمام اقدامات اٹھائے جائیں گے، بھارتی غلطی کے اعتراف کے باوجود عالمی فورمز واقعہ کا سنجیدگی سے جائزہ لیں، بھارتی اسٹریٹجک اثاثوں کے تحفظ اور پروٹوکول کی جانچ اہم ہے، ایسے خطرناک واقعات کسی بڑے سانحے کا محرک ہوسکتے ہیں، ایسے واقعات علاقائی امن، تذویراتی استحکام کو شدید خطرات میں ڈال سکتے ہیں۔ اس دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کامیاب انسداد دہشتگردی آپریشنزکو سراہا ، فورم نے ملکی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کا عزم کیا ، آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے ہدایت کی 23 مارچ کی پریڈ اور او آئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس کیلئے جامع سیکیورٹی پلان مرتب کیا جائے۔
0 Comments