آصف زرداری ، شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات طے پا گئی
ملاقات زرداری ہاوس اسلام آباد میں ہوگی‘ ملاقات میں تحریک عدم اعتماد کو حتمی شکل دی جائے گی
اسلام آباد (اخبارتازہ ترین ۔ 07 مارچ 2022ء ) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف ، سابق صدر آصف علی زرداری اور پاکستان ڈیم وکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات طے پا گئی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تینوں رہنماؤں کے درمیان رابطہ ہوا جس میں طے پایا کہ ملاقات آج یا کل ہوگی ، سابق صدر آصف علی زرداری، اپوزیشن لیڈرشہباز شریف اورمولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات زرداری ہاوس اسلام آباد میں ہوگی ، جس میں حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو حتمی شکل دی جائے گی۔
بتایا گیا ہے کہ اپوزیشن کے ان تین بڑوں کی ملاقات میں نمبر گیم پر بھی بات ہوگی جس کے لیے اپوزیشن جماعتوں کے ارکان کو اسلام آباد میں موجود رہنے کی ہدایات کی گئی ہے۔ جیو نیوز کے مطابق ن لیگی ذرائع کہتے ہیں کہ اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر بیرون ملک دوروں میں اراکین کے نام ڈال کرانہیں باہربھجوانے کی سازش کررہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس سے معلوم ہوا ہے کہ شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے اپنی جماعتوں کے اراکین قومی اسمبلی کو بیرون ملک دوروں سے روک کر اسلام آباد میں موجودگی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔
اس ضمن میں پیپلز پارٹی کے چيئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پی پی اراکین قومی اسمبلی بیرون ملک دورے منسوخ کرتے ہوئے سرکاری وفد کے ساتھ دورے پرنہ جائیں ۔ اسی طرح پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے بھی اپنے تمام اراکین پارلیمنٹ کو بیرون ملک سفر سے روک دیا ہے ، شہباز شریف نے اپنے اراکین پارلیمنٹ سے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد پیش ہونے والی ہے اس لیے تمام اراکین پارلیمنٹ ملک میں موجود رہیں۔
ادھر وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن جماعتوں کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ میری پوری تیاری ہے ، جب تک مجھ میں خون ہے ، مقابلہ کروں گا ، عدم اعتماد کی ناکامی پر آپ تیار ہیں جو میں آپ کے ساتھ کروں گا؟ مجرم نمبر ون نواز شریف جو جھوٹ کر بالی وڈ کی اداکاری کرکے ملک سے باہر چلا گیا، ماضی میں اٹک جیل سے جھوٹ بول کر نواز شریف بھاگا تھا، ملک کا تین مرتبہ کا وزیر اعظم اور اس کے بچے اربوں روپے کے محل میں رہتے ہیں، جب پوچھتے ہیں کہ پیسہ کہاں سے آیا تو کہتے ہیں کہ ہم تو ملک سے باہر رہتے ہیں، یہ لوگ صرف ملک کو لوٹنے کے آتے ہیں اور پھر چلے جاتے ہیں۔
میلسی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دوسرا مجرم ہے شہباز شریف ہے، اگر شہباز شریف کا پتہ کرنا ہے تو مقصود چپڑاسی کو لے آئیں جس کے اکاؤنٹ میں 375 کروڑ روپے آئے، ان لوگوں نے کھیل لگایا ہوا ہے ، بھگوڑا اور اس کی بیٹی فوج کو برا بھلا کہتے ہیں اور شہباز شریف کو جو بھی بوٹ نظر آتا ہے اس بوٹ کی پالش شروع کر دیتا ہے، شہباز شریف ڈرا ہوا ہے کہ اسے جیل جانا ہے اس لیے جلدی جلدی عدم اعتماد میں لگا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زرداری کو آئے ایک سال نہیں ہواکہ دنیا میں ٹین پرسنٹ کی دھوم مچ گئی ، کتابوں اور مضامین پر ان کی چوری کا ذکر ہوا،فلمیں بنیں، حدیبیہ پیپر ملز کا مقدمہ زرداری نے بنایا، زرداری نے سرے محل بیچ کر پیساپاکستان بھجوایا، پرویز مشرف نے این آر او دیا رو زرداری نے وہ پیسہ بھی ہضم کرلیا۔ عمران خان نے کہا کہ چوتھے نمبر پر فضلو ہے، انہیں کبھی مولانا نہیں کہوں گا، مولانا پڑھے لکھے لوگ ہوتے ہیں ، فضل الرحمان ڈیزل پرمٹ بیچ کر پیسے بناتاہے، فضلو بتاؤ ان ڈاکوؤں کے ہوتے ہوئے یہودیوں کو سازش کرنے کی کیا ضرورت ہے؟ فضلو آپ کی اور میری عمر ایک ہے، ہمیں سوچنا چاہیے اوپر والا کب بلاوا دے دے، فضلو آپ کا وزن بھی ذرا زیادہ ہے، آپ کو خوف خدا نہیں، آپ مدرسے کے بچوں کو سیاست چمکانے اوربلیک میل کرنے کیلئےاستعمال کرتے ہیں، یہ چار لوگ مل کر عدم اعتماد کر رہے ہیں۔
0 Comments