OFFICIAL UPDATE NEWS

Country's defence stronger' Pakistan gets latest fighter jet

 

ملکی دفاع مزید مضبوط‘ پاکستان کو جدید ترین لڑاکا طیارہ مل گیا

جدید فائٹر ایئرکرافٹ جے 10 سی کو پاکستان ائیر فورس میں شامل کرلیا گیا ‘ بحری جہاز تباہ کرنے والے مؤثر میزائلوں سے لیس جے ٹین سی بھارتی رافیل طیاروں کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے


کامرہ ( اخبارتازہ ترین ۔ 11 مارچ 2022ء ) جدید فائٹر ایئرکرافٹ جے ٹین سی پاکستان ائیر فورس میں شامل کرلئے گئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق جدید فائٹر ایئر کرافٹ جے ٹین سی پاکستان ائیر فورس کے حوالے کردیے گئے ہیں ، اس سلسلے میں کامرہ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا ، اس تقریب میں چیف آف ائیر اسٹاف کی خصوصی دعوت پر وزیر اعظم عمران خان مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے ، اس موقع پر وفاقی وزراء ، عسکری حکام اور چینی سفیر نے بھی تقریب میں شرکت کی ۔

بتایا گیا ہے کہ جے ٹین سی فضا سے زمین اور فضا سے سمندر میں ٹارگٹ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ، جے ٹین سی میں بحری حدود کے دفاع میں کلیدی کردار ادا کرنے کی صلاحیت موجود ہے ، جدید فائٹر ایئرکرافٹ جے ٹین سی بحری جہاز تباہ کرنے والے مؤثر میزائلوں سے لیس بھی ہے ، جے ٹین سی بھاری مقدار میں حربی سازو سامان اٹھانے کی صلاحیت رکھتا ہے ، جے ٹین سی اسٹریٹیجک جوہری ہتھیار لے جانے کے قابل ہے ۔

معلوم ہوا ہے کہ جے ٹین لڑاکا طیاروں کو جے ایف 17کے ساتھ مواصلاتی طور پر منسلک کرنے کا آپشن موجودہے ، جدید فائٹر ایئرکرافٹ جے ٹین سی بھارتی رافیل طیاروں کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے ، چینی ساختہ جے ٹین سی 4.5 پلس پلس جنریشن طیارہ ہے جس میں جدید ترین ریڈار نظام نصب ہے ، جے ٹین سی کے ریڈار میں 1400 ٹی آر ایم جب کہ بھارتی رفال طیاروں کے ریڈار میں 1200 ٹی آر ایم ہے ، جے ٹین سی کو ویگرس ڈریگن بھی کہا جاتا ہے۔ خیال رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے رواں برس 23 مارچ کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والی یوم پاکستان کی پریڈ کے موقع پر چینی ساختہ لڑاکا طیاروں جے 10 سی کے ایک سکواڈرن کی نمائش ( فلائی پاسٹ ) کا بھی اعلان کیا ہے۔

0 Comments