OFFICIAL UPDATE NEWS

اندرون ملک فضائی آپریشن کی بندش میں 16 روز کی توسیع کر دی گئی

اندرون ملک فضائی آپریشن کی بندش میں 16 روز کی توسیع کر دی گئی

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے نوٹس کے مطابق خصوصی پروازوں اور چارٹرڈ طیاروں کو پابندی سے استثنا حاصل ہے

بدھ  مئی 

اسلام آباد( تازہ ترین اخبار-13مئی 2020ء) اندوران ملک فضائی آپریشن کی بندش میں 16 روز کی توسیع کر دی گئی ہے۔ سول ایو ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کے مطابق توسیع موجود حالات کو دیکھتے ہوئے کی گئی ہے جبکہ خصوصی پروازوں اور چارٹرڈ طیاروں کو پابندی سے استثنا حاصل ہے۔ اس سے قبل سی اے اے کی جانب سے جاری کردہ نوٹم میں بین الاقوامی فضائی آپریشن میں 15 مئی جب کہ اندرون ملک آپریشن میں 13 مئی تک توسیع کا نوٹم جاری کیا تھا تاہم اب علاقائی پروازوں کی بندش میں مزید توسیع کردی گئی ہے۔
16 روز کی مزید بندش کے بعد صرف خصوصی پروازوں اور چارٹرڈ طیاروں کو پابندی سے استثنا کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ ملک بھر میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد بھی پبلک ٹرانسپورٹ، بین الصوبائی ٹرانسپورٹ، ٹرین سروس اور فضائی آپریشن بند رکھنے کا فیصلہ برقرار ہے۔
دوسری جانب حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کر دی تھی جس پر گزشتہ دو دنوں سے عمل کیا جا رہا ہے۔
اس ضمن میں امید کی جا رہی تھی کہ شاید فضائی آپریشن کی اجازت دے دی جائے گی لیکن ایسا ممکن نہیں ہو سکا جس کے بعد اب علاقائی پروازوں میں بھی مزید 16 دنوں کی توسیع کر دی گئی ہے۔ پاکستان میں بھی دنیا بھر کی طرح کورونا وائرس کی تباہی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ مجموعی طور پر پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 34 ہزار336 ہو گئی جبکہ 737 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
متاثرہ افراد کی تعداد ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتی جا رہی ہے جس کے بعد صورتحال مزید خراب ہونے کے خطرات موجود ہیں۔ پنجاب میں کورونا وائرس کےسب سے زیادہ13ہزار225مریض ہیں، سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 12ہزار610ہے، خیبرپختونخواہ میں مریضوں کی تعداد 5ہزار21ہے،بلوچستان میں کورونا وائرس سےمتاثرہ افرادکی تعداد2ہزار158ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں475،آزاد کشمیر میں88افراد وائرس سے متاثرہیں، تا ہم دوسری جانب ملک بھر میں کورونا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 8 ہزار 812 ہو گئی ہے۔

0 Comments