حکومت نے بیرون ملک کورونا سے جاں بحق افراد کی میتیں پاکستان لانے کی اجازت دیدی
میت کی فضائی منتقلی کے لیے سیل کردہ تابوت اور منتقلی پر مامور متعلقہ عملے کے لیے ڈس انفیکشن سمیت حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نوٹیفکیشن جاری کردیا
جمعرات مئی
اسلام آباد( تازہ ترین اخبار-14مئی2020ء) کورونا وائرس نے اس وقت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے جس کے بعد ہر گزرتے دن کے ساتھ اس کی تباہی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ پوری دنیا میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اس کی ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ بہت سے پاکستانی بھی دنیا کے مختلف حصوں میں کورونا وائرس کی وجہ سے پھنس گئے ہیں۔
ایسے میں وفاقی حکومت نے بیرون ملک جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کی میتیں پاکستان لانے کی اجازت دے دی ہے۔ اس ضمن میں وفاقی حکومت کی ہدایات کے بعد سی اے اے کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ میت کی فضائی منتقلی کے لئے سیل کردہ تابوت کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے جبکہ جو عملہ منتقلی کے وقت کام کر رہا ہو گا ان کے لئے ڈس انفیکشن سمیت حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا، اس کے علاوہ متعلقہ عملے کو حفاظتی سوٹ، ماسک، گلوز، عینک اور فیس شیلڈ پہننا بھی ضروری ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ میت کی منتقلی کے لئے مسافر طیارے کا کارگو استعمال کیا جائے گا یا کارگو جہاز کے ذریعے ہی میت کی منتقلی کی جائے گی۔ ان تمام اقدامات کے علاوہ آنے والی ایئرلائن پر لازم ہو گا کہ وہ آنے سے 48 گھنٹے پہلے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو اطلاع کریں۔ اس حوالے سی اے اے نے تمام ائیرلائنز، چارٹر فضائی کمپنیوں اورگراؤنڈ ہینڈلنگ اداروں کا آگاہ کردیا ہے۔
خیال رہے کہ اس وقت دنیا بھر میں موجود پاکستانیوں کو اس عالمگیر وبا کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، کئی پاکستانی بیماری کا شکار ہو گئے ہیں تو کئی لوگ وطن واپسی کرنا چاہتے ہیں۔ اس کے علاوہ ایک مسئلہ جاں بحق ہونے والوں کی میتوں کا پیدا ہو رہا تھا جس کے بارے میں اب وفاقی حکومت نے بیرون ملک جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کی میتیں پاکستان لانے کی اجازت دے دی ہے۔

1 Comments